خیبرپختونخوا میں 2 کامیاب آپریشنز، 13 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی ( کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے اضلاع خیبر اور بنوں میں دو الگ الگ کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کی رپورٹ کے مطابق پہلا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں کیا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بنوں میں کیا گیا جس میں مزید 3 خوارج کو ان کے انجام تک پہنچایا گیا، ان کامیاب کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں "عزمِ استحکام” کے تحت آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے اور دشمن قوتوں کے آلہ کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے اور ملکی سلامتی کے لیے یہ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بنوں اور باڑہ میں دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر فورسز کی ستائش کی اور کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں، حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کا انجام عبرتناک موت ہے اور انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو کاری ضرب لگی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے