اسلام آباد/لاہور (کیو این این ورلڈ) ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی مختلف ایئرلائنز کی 100 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے ہزاروں مسافر متاثر ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مجموعی طور پر 22 بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی 18 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی گئیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ایئرپورٹس پر رش دیکھنے میں آیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ، سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھی مشرقِ وسطیٰ جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھی مختلف خلیجی شہروں کے لیے آج کئی پروازیں آپریشنل شیڈول سے ہٹا دی گئیں۔
متعلقہ حکام کے مطابق پروازوں کی منسوخی خطے میں سکیورٹی صورتحال اور فضائی حدود کی بندش کے باعث کی گئی ہے۔ ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال متعلقہ کمپنی سے ضرور معلوم کریں۔