ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) شہر ڈیرہ غازی خان میں ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیرِ اہتمام یومِ کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ریجنل منیجر شاہزیب خان اور کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے کی۔ ریلی میں ڈسٹرکٹ منیجر توفیق عادل اور تحصیل منیجر عمر مجتبیٰ لغاری سمیت ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈی سی آفس سے کچہری چوک تک نکالی گئی اس ریلی کا مقصد عالمی سطح پر کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے، جبکہ فضا "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل منیجر شاہزیب خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا کیونکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور پر نہیں دبا سکتا اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کا سورج دیکھیں گے۔ ریلی کے اختتام پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کی شدید مذمت کی گئی اور کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا، ہر پاکستانی ان کی آواز بن کر کھڑا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے